محبت کی کیفیت

Gemini Generated Image of a female standing on a balcony seeing the sunset near the sea.

سمندر کے کنارے وہ کھڑی ہر لہر کو اتنا غور سے دیکھ رہی تھی کہ اس کی آنکھوں سے نکلے اشک سمندر کی لہروں کا حصہ دکھائی دیتے تھے۔ وہ اس ان کہی محبت کے غم سے نڈھال تھی، وہ محبت جو نہ اس کے حصہ میں تھی اور نہ ہی کبھی اسے مل سکتی تھی۔ اس سب کے باوجود اس نے اپنی محبت کو اس وقت تک دبائے رکھا جب تک شدت بڑھ کر آنسوؤں سے نہ ٹپک پڑی ۔اس ان کہی ، ڈری، سہمی سی محبت نے اسے باندھے رکھا۔ آخرکار اس کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوا اور اب وہ ان کہی محبت ، پیار اور الفت اس کے ہر پہلو سے عیاں ہونا شروع ہو گئی ۔ کہتے ہیں کہ عشق اور مشک چھپائے نہیں چھپتے۔

اس خاموش محبت کی مشک جب اپنےہدف تک پہنچی تو ہدف کو قیمتی ہونے کا احساس لاحق ہوا اور اسی قیمتی غرور میں وہ کوڑیوں کے بھاؤ کسی اور کے قدموں کی خاک بن گیا۔ آخر ایسا کیا تھا ، جو اس نے ایک قیمتی احساس کو کسی کے قدموں کی خاک  پر ترجیح نہ دی اور اس خاک کا غلام رہا تب تک جب تک وہ اس خاک نے اسے اپنے اندر نہ سمالیا۔ سمندر پر کھڑی وہ لڑکی ڈھلتے سورج کے ساتھ ڈھل رہی تھی کہ شاید جسے میں نے قیمتی سمجھا، اس نے اس قیمتی احساس کو نظر انداز کر کے جو دھول چاٹی، وہ دھول اتنی عزیز تھی اسے کہ وہ اس دھول میں ہی سو گیا یا پھر اسے اس خاک سے محبت تھی۔ اسی خیال کے ساتھ سورج ڈھلا اور اندھرے نے آسمان کو آ گھیرا لیکن اس اندھیرے میں بھی چند موتیوں جیسے آنسو ستارے بن کر چمکتے رہے ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *